ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / روس:ہیروں کی کان میں پانی بھرنے سے 9کان کن لاپتہ

روس:ہیروں کی کان میں پانی بھرنے سے 9کان کن لاپتہ

Sat, 05 Aug 2017 23:19:20    S.O. News Service

ماسکو،5اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)روس میں واقع ہیروں کی سب سے بڑی کان کی ایک سرنگ میں، جہاں ایک سو سے زیادہ کان کن کام کررہے تھے، پانی بھر گیا، جنہیں نکالنے کے لیے امدادی ٹیموں کو بلایا گیا۔امدادی کا رکنوں کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز ہونے والے اس حادثے کے 9کان کن ابھی تک لاپتا ہیں۔روس میں سب سے زیادہ ہیرے نکالنے والی کمپنی  الروسا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سکھا ریجن کے علاقے میں واقع کان میں 9کان کنوں کی تلاش جاری ہے جو کان میں پانی بھرنے کے بعد لاپتا ہو گئے تھے۔یہ کان دارالحکومت ماسکو کے مشرق میں تقریباً 2600میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ہنگامی حالات سے نمٹنے کی وزارت نے کہا ہے کہ لاپتا ہونے والے کان کنوں کی تلاش جاری ہے تاکہ ان کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔
وزارت نے بتایا کہ کان کے اندر ایک گڑھے میں تقریباً تین لاکھ کیوبک میٹر پانی بھرا ہوا تھا جس میں شگاف ہونے سے پانی اس جانب بہنا شروع ہو گیا جہاں مزور کام کر رہے تھے۔کان کی مالک کمپنی الروسا نے بتایا کہ حادثے کا سبب غالباً یہ ہے کہ گڑھے میں موجود پانی کی سطح اتنی بڑھ گئی کہ وہ کناروں سے چھلک پڑا اور ڈھلوان کی سمت بہنے لگا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ گڑھے سے پانی چھلکنے کا ایک سبب چٹانی دباؤ بھی ہو سکتا تھا جس سے کان کی چٹانوں میں شگاف پیدا ہو گیا۔ تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ کان کے تمام حفاظتی آلات درست طور پر کام کر رہے تھے۔روس کے ٹیلی وژن نے کہا ہے کہ میر نامی کان میں اس وقت امدادی سرگرمیاں معطل ہو گئیں جب بجلی بند ہونے سے کان کے اندر جانے والی لفٹ رک گئی۔ٹیلی وژن نے سوشل میڈیا پر پوسٹ ہونے والی ویڈیوز نشر کیں جن میں سیلابی پانی کنٹرول روم میں داخل ہو تے اور کان کی سرنگ کی چھت سے پانی ٹپکتے ہوئے دیکھا جاتا ہے۔الروسا نے کہا ہے کہ 133کان کنوں کو کان سے نکال لیا گیا ہے۔ دو کان کنوں کو جنہیں معمولی زخم آئے تھے اسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔
 


Share: